جماعت احمدیہ سُجان (یوپی) میں 14؍ جون تا 26؍ جون ہفتہ تربیت منعقد کیا گیا۔ جس میں اِردگرد کی جماعتیں سوجیہ، ننگلہ گھنو اور اللہ پور کے خدام و اطفال نے بھی شرکت کی۔
کلاسز میں قرآن کریم کی تلاوت، ترجمہ، دینی معلومات، نماز کی اہمیت، نظام جماعت کی اطاعت، نظام خلافت سے وابستگی اور فرمانبرداری، اسلامی اخلاق ، سیرت رسول صلی اللہ علیہ وسلم او ردیگر تربیتی موضوعات پر درس دئے گئے۔ شرکاء نے نہایت دلچسپی کا اظہار کیا۔ الحمدللہ کہ ہفتہ تربیت نہایت کامیاب رہا۔ آخر پر ضلعی سیکرٹری اصلاح و ارشاد نے دُعا کرائی اور پروگرام اختتام پذیر ہوا۔
اسی طرح 21؍ جون کو مجلس خدام الاحمدیہ سبحان کا لوکل اجتماع منعقد ہوا جس میں خدام و اطفال نے نہایت جوش و خروش سے حصہ لیا۔ اجتماع کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ بعد نماز فجر درس اور اجتماعی تلاوت قرآن مجید کا پروگرام تھا۔ صبح چھ بجے ورزشی مقابلہ جات ہوئے۔ جن میں خدام کی دو سو میٹر دوڑ اور اطفال کی 100 میٹر دوڑ رکھی گئی۔ صبح نو بجے علمی مقابلہ جات منعقد ہوئے جن میں تلاوت قرآن مجید، مقابلہ نظم اور تقاریر شامل تھے۔
پروگراموں کے اختتام پر اختتامی پروگرام منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن مجید کے بعد عہد دہرایا گیا۔ مکرم الیاس احمد صاحب ظفر انچارج ضلع ہاتھرس نے اہم نصائح سے نوازا۔ تقسیم انعامات کا پروگرام ہوا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اجتماع کے تمام پروگرام نہایت خوش اسلوبی سے منعقد ہوئے۔
اللہ تعالیٰ مذکورہ بالا جملہ پروگرامز کے دور رس نتائج ظاہر فرمائے اورجماعت احمدیہ سجان کے احباب کے ایمان و ایقان میں برکت عطا فرمائے۔ آمین