اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




.

2025-11-27

مرشد آباد (کاندی زون) بنگال کے چھٹے ضلعی جلسہ سالانہ کا کامیاب انعقاد

حضور اقدس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے مرشد آباد (کاندی زون) بنگال کاچھٹا جلسہ سالانہ راج کھنڈ مقام پر 05 ؍ نومبر کو منعقد ہوا۔ جلسہ کی کارروائی دو نشستوں میں عمل میں آئی۔ پہلی نشست بعد نماز ظہر و عصر اور دوپہر کےکھانے کے بعد شام تین بجے سے پانچ بجے تک زیر صدارت مکرم ناصرالدین صاحب نائب امیر ضلع و ناظم انصاراللہ منعقد ہوئی۔ مکرم محمد سُکتار علی صاحب معلم سلسلہ نے تلاوت قرآن مجید کی جبکہ مکرم شیخ علام الدین صاحب مبلغ سلسلہ بھرتپور نے اُردو نظم سنائی۔ پہلی نشست میں مکرم قاضی طارق احمد صاحب مبلغ انچارج ضلع کاندی زون نے بعنوان حضرت محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم بحیثیت مربی اعظم تقریر کی۔ دوسری تقریر مکرم شیخ محمد علی صاحب مبلغ انچارج ضلع مرشد آباد (برہم پور زون) نے خلافت امنِ عالم کی ضامن ہے کے عنوان پر کی۔ تیسری تقریر مکرم مرزا انعام الکبیر صاحب انچارج ضلع 24 پرگنہ زون Bنے مالی قربانی کی اہمیت کے عنوان پر کی۔
نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعد ضلعی جلسہ کی دوسری نشست مکرم لُطفُ الحق صاحب امیر ضلع کی زیر صدارت شروع ہوئی۔ تلاوت مکرم مشرف حسین صاحب معلم سلسلہ گوڑا اسلام پور نے کی جبکہ مکرم طاہر احمد انور صاحب قائد ضلع نے خوش الحانی سے بزبان بنگلہ نظم سُنائی۔ پہلی تقریر مکرم ابو جعفر صادق صاحب مربی سلسلہ تعلیم القرآن وقفِ عارضی نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا عشقِ رسول کے عنوان پر کی۔ دوسری تقریر مکرم مجاہد احمد صاحب شاستری مرکزی نمائندہ نے بنگلہ زبان میں نہایت موثر انداز میں پنجگانہ نمازوں کی ادائیگی اورارشادات حضور انور کے عنوان سے کی۔ بعدہ‘ مکرم مستفیض الرحمان صاحب نائب قائد ابراہیم پور نے بنگلہ زبان میں خوش الحانی سے نظم پڑھی۔ آخری تقریر مکرم ابو طاہر منڈل صاحب مربی سلسلہ کولکاتہ نے نظام جماعت کی اطاعت اورہماری ذمہ داریاں کے عنوان پر کی۔ آخر میں صدارتی خطاب ہوا اور حاضرین جلسہ نے کھانا کھایا۔ الحمد للہ کہ اس جلسہ میں 17 جماعتوں سے 330 احمدی احباب و مستورات شریک ہوئے جبکہ غیر احمدی افراد کی تعداد 110 تھی۔ اس طرح کل تعداد 440 تھی۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک
اللہ تعالیٰ اس جلسہ کے بہتر ثمرات مرتب فرمائے اور شاملین جلسہ کو اجر عظیم سے نوازے آمین