بفضلہ تعالیٰ امسال سیّدنا حضور اقدس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے ذیلی تنظیموں کے سالانہ اجتماعات مورخہ 24,25,26؍ اکتوبر 2025ء بروز جمعہ، ہفتہ، اتوار منعقد ہوئے۔ امسال مجلس خدام الاحمدیہ بھارت کا 55 واں اجتماع تھا اور مجلس انصاراللہ بھارت کا 45 واں اجتماع تھا جبکہ لجنہ اماء اللہ بھارت کا 30 واں اجتماع تھا۔
ان ہر سہ اجتماعات کے لئے سیّدنا حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ نے اپنے خصوصی پیغامات بھی ارسال فرمائے تھے جو اجتماعات کے موقع پر پڑھ کر سُنائے گئے اور جن کی کاپیاں سامعین میں تقسیم کی گئیں۔ پیغامات کے متن اسی شمارہ میں دوسری جگہ ملاحظہ فرمائیں۔
ان ہر سہ اجتماعات میں علمی، ذہنی اور ورزشی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ اجتماعات کا افتتاح نماز تہجد سے ہوا جبکہ مزار مبارک حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام پر اجتماعی دُعا کا پروگرام بھی ہوا۔ ہر سہ ذیلی تنظیموں کے صدران نے پرچم کشائی کی اور دُعا سے اجتماع کا آغاز ہوا۔
مقابلہ جات میں قابل ذکر پروگرام حُسنِ قرأت، نظم خوانی اور تقاریر کے مقابلے تھے جبکہ ذہنی آزمائش کے بھی پروگرام رکھے گئے تھے۔ بالخصوص خدام کے کھیلوں کے مقابلے دلچسپ رہے جن میں رسہ کشی اور میوزیکل چیئر ناظرین کی دلچسپی کا مرکز رہے۔
امسال مجلس انصاراللہ بھارت کے اجتماع کا Theme اُسوۂ رسول صلی اللہ علیہ وسلم تھا جبکہ مجلس خدام الاحمدیہ کا Theme تقویٰ، خلافت اور خدمت تھا۔ اسی طرح لجنہ نے ’’ ان الصلوٰۃ تنھٰی عن الفحشاء والمنکر‘‘ کے عنوان کے تحت اجتماع منعقد کیا۔
مجلس خدام الاحمدیہ قادیان نے درویشان قادیان کی تاریخ کے حوالہ سے Discussion Programme کیا جس سے درویشان قادیان کی تاریخ کے کئی پہلو روشن ہوئے۔
خدام و انصار کے افتتاحی پروگرام صدران مجالس کی زیر صدارت ہوئے جبکہ اختتامی پروگرام محترم امیر صاحب مقامی و ناظر صاحب اعلیٰ قادیان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ لجنہ اماء اللہ بھارت کا افتتاحی پروگرام مکرمہ بُشریٰ صاحبہ سابق صدر لجنہ اماء اللہ بھارت کی زیر صدارت ہوا اور اختتامی پروگرام مکرمہ منصورہ الٰہ دین صاحبہ صدر لجنہ اماء اللہ بھارت کی زیر صدارت ہوا۔ لجنہ کے اجتماع میں دیگر علمی، روحانی اور ورزشی پروگراموں کے ساتھ ساتھ نمائش صنعت و دستکاری بھی تھی جس سے لجنہ نے استفادہ کیا۔
اختتامی پروگرام میں مقابلہ جات میں اوّل، دوم، سوم آنے والی مجالس و عہدیداران میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔
ان اجتماعات میں ہندوستان کے قریباً تمام صوبہ جات کی نمائندگی تھی۔ قیام و طعام کااحسن انتظام رہا۔ اجتماعات کے پروگرام ’’ بُستان احمد‘‘ میں منعقد ہوئے۔
اللہ تعالیٰ ان اجتماعات کو بابرکت فرمائے اور ان کے بہتر نتائج ظاہر فرمائے۔ آمین۔