اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




جلسہ سالانہ گڑھ پدا ضلع بالاسور صوبہ اڈیشہ کا کامیاب انعقاد

مورخہ 4؍جون 2023کو بعد دوپہر جلسہ شروع ہوا۔ پہلے اجلاس کی کارروائی مکرم ناصر عالم صاحب امیر ضلع بالاسور کی صدارت میں شروع ہوئی ۔ تلاوت قرآن کریم مکرم مولوی نصیر خان صاحب مبلغ سلسلہ بالاسور نے کی۔ اس کااردو ترجمہ مکرم علی قادر صاحب معلم سلسلہ نے تفسیر صغیر سے سنایا ۔ اس کے بعد ایک اردو نظم خوش الحانی سے پڑھی گئی۔ بعدہ اس اجلاس کی پہلی تقریر بعنوان ’’ہستی باری تعالیٰ ‘‘مکرم نوید الفتح صاحب مبلغ وداعئ خصوصی صوبہ اڈیشہ نے کی۔ اس کے بعد دوسری تقریر بعنوان ’’سیرت آنحضرت ﷺ غیروں سے حسن سلوک‘‘ خاکسار نے کی۔ اس کے بعد ایک اردو نظم پیش کی گئی ۔ اس کے بعد اس اجلاس کی آخری تقریر ’’ختم نبوت کی حقیقت وصداقت حضرت مسیح موعود علیہ السلام‘‘ کےعنوان پر مکرم مولوی فضل نعیم صاحب داعئ خصوصی دعوت الی اللہ جنوبی ہند نے کی۔ شام ساڑھے چھ بجے پہلا اجلاس بخیر وخوبی اختتام پذیر ہوا۔
دوسرے اجلاس کی کارروائی ٹھیک شام سات بجے شروع ہوئی ۔اس اجلاس کی صدارت مکرم ظہورالدین خان صاحب صدر جماعت ونائب امیر ضلع بالاسور نے کی۔ تلاوت قرآن مجید مکرم حافظ گلستان احمد صاحب کی ہوئی۔ اڈیہ ترجمہ مکرم مولوی مقصود علی صاحب نے پڑھ کر سنایا۔ اس کے بعد ایک نظم اڈیہ زبان میں مکرم روشن احمد خان صاحب نے سنائی۔ اجلاس کی پہلی تقریر بزبان اڈیہ مکرم فضل حق خان صاحب مبلغ سلسلہ کٹک کی ہوئی۔ اسی طرح مزید دو تقاریر جماعتی مقررین کی ہوئیں۔ غیر مسلم معززین کوبھی اظہار رائے کا موقع دیا گیا۔ رات دس بجے دعا کے ساتھ یہ اجلاس اختتام پذیر ہوا۔ اس جلسہ میں 700کے قریب حاضری رہی ۔ جلسہ کی خبر مختلف اخباروں میں شائع ہوئی۔ اللہ تعالیٰ اس جلسہ کو ہر لحاظ سے بابرکت کرے۔ آمین ۔

(اکبر خان ، مبلغ انچار ج جماعت احمدیہ بالاسور،اڈیشہ)