(آخری)
جلسہ مستورات مورخہ 28 دسمبر 2024ء
مورخہ 28دسمبر 2024ء کو جلسہ سالانہ قادیان کے دوسرے روز کے پروگرام سننے کا انتظام مسجد دار الانوار میں کیا گیا تھا۔ سرائے طاہر کی بیسمنٹ میں بھی مستورات کیلئے جلسہ سننے کا انتظام تھا۔ دوسرے سیشن میں مستورات کا اپنا جلسہ منعقد کیاگیا جو دوپہر ڈھائی بجےمحترمہ نصرت بیگم بدر صاحبہ اہلیہ محترم منیر احمد صاحب حافظ آبادی سابق صدر لجنہ اماء اللہ قادیان کی زیرصدارت شروع ہوا ۔ محترمہ امۃ الہادی شیریں صاحبہ نے تلاوت کی ۔ محترمہ وجیہہ بشارت صاحبہ نے سیدنا حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کا منظوم کلام
’’مرے مولیٰ مری یہ اک دعا ہے
تری درگاہ میں عجز و بکا ہے‘‘
خوش الحانی سے پیش کیا۔ پہلی تقریر ’’اولاد کی تربیت میں مائوں کا کردار سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کی روشنی میں‘‘ کے عنوان پرمحترمہ نعیمہ عارف صاحبہ سابقہ صدر لجنہ اماء اللہ سکندر آباد نے کی۔ بعدہ محترمہ نسیفہ احمد صاحبہ آف بنگال نے کلام سیدنا حضرت مصلح موعو رضی اللہ عنہ
’’ذکر خدا پہ زور دے ظلمت دل مٹائے جا
گوہر شب چراغ بن دنیا میں جگمگائے جا‘‘
خوش الحانی سے پیش کیا۔ دوسری تقریر ’’اسلامی پردہ کی اہمیت اور برکات سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کی روشنی میں ‘‘ کے عنوان پر مکرمہ صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ بھارت نےکی ۔ دعا کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا۔
قادیان کیساتھ افریقن ممالک کے جلسے
جلسہ کےتیسرے روز حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے اختتامی خطاب اور دُعا کے ساتھ جلسہ سالانہ قادیان کا اختتام ہوتا ہے۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطاب کا شاملین جلسہ کو بڑی صبری سے انتظار رہتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے دو دن بارش کے بعد تیسرے روز سورج نے اپنا چہرہ اچھی طرح چمک کر اور آب و تاب کے ساتھ دکھایا جس کے باعث تیسرے روز جلسہ سالانہ کا پروگرام بستان احمد یعنی جلسہ گاہ میں ہوا اور حاضرین جلسہ کی پیاس بجھی الحمد للہ۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا خطاب لوگوں نے پورے ذوق و شوق کے ساتھ سنا، جلسہ گاہ پوری طرح بھرا ہوا تھا۔حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطاب کے دوران افریقہ کے 8 ممالک ٹوگو، مالی، گنی کناکری ،نائیجر، گنی بساؤ،سینیگال،برکینافاسو کے جلسہ گاہ بھی دکھائے جارہے تھے۔ ان ممالک کے جلسے بھی قادیان کے جلسہ کے ساتھ اختتام پذیر ہورہے تھے اور وہ اپنے اپنے جلسہ گاہ میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطاب سن رہے تھے۔ یہ نظارہ بہت ہی شاندار اور ایمان افروز تھا۔ حضور پُرنُور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطاب کے آخر میں فرمایا : اس وقت ہمارے قادیان کے جلسے کے ساتھ دنیا کے مختلف ممالک میں جلسے ہو رہے ہیں۔ یہ سب اس لیے یہاں جمع ہیں کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے پیغام کو سمجھیں اور دنیا میں پہنچانے کی کوشش کریں اور اپنی اصلاح کرنے کی بھی کوشش کریں اللہ تعالیٰ ان سب کو اس کی توفیق عطا فرمائے اور وہ سب برکات لے کر جائیں جن برکات کے لینے کے لیے اس جلسے میں شامل ہوئے ہیں۔
شعبہ تربیت
مورخہ 24 دسمبر 2024 تایکم جنوری2025 مسجد اقصی اور مسجد انوار میں نماز تہجد باجماعت ادا کی گئی۔اور جلسہ کے تین دن قادیان کی تمام مساجد میں باجماعت نماز تہجد کا اہتمام کیا گیا۔نیز نئے سال میں داخل ہونے کی مناسبت سے یکم جنوری کو قادیان کی تمام مساجد میں نماز تہجد ادا کی گئی جس سے جلسہ میں تشریف لائے ہونے مہمانوں نے بھی خاص طور پر فائدہ اُٹھایا۔ تہجد کی نماز کیلئے شعبہ تربیت کی طرف سے جگانے کا انتظام تھا۔ درود شریف اور پاکیزہ اشعار پڑھ کر نماز تہجد کیلئے احباب کو بیدار کیا گیا۔ نماز فجر کے بعد تفسیر کبیر سے قرآن مجید کا درس دیا گیا۔ قادیا ن کے تمام محلہ جات اور جلسہ گاہ میں تربیتی بینرز لگائے گئے۔
نکاحوں کے اعلانات
جلسہ کے موقع پر احباب کرام کی خواہش ہوتی ہے کہ قادیان کی مقدس بستی میں ان کے بچوں کے نکاحوں کے اعلانات ہوں ۔ چنانچہ جلسہ کے دوسرے دن بعد نماز مغرب و عشاء مسجداقصیٰ میں نکاحوں کے اعلانات ہوئے۔
شعبہ ترجمانی
چونکہ اچانک بارش کی وجہ سے فوری طور پر انتظامات جلسہ گاہ سے مسجد اقصیٰ منتقل کرنے پڑے لہٰذا پہلے روز 27دسمبرکو صرف تین زبانوںملیالم،تامل اوربنگلہ میں ترجمہ ہوا۔دوسرے روز28دسمبر کوچارزبانوں ملیالم، تامل اور بنگلہ کے علاوہ رشین زبان میں بھی ترجمہ ہوا۔تیسرے روز درج ذیل 9زبانوں میں رواں ترجمہ کا انتظام تھا۔عربی، رشین ، انڈونیشن ، انگریزی ، ملیالم ، تامل، تیلگو، بنگلہ ، کنڑا۔ 1250سے زائد مردو زن نے ترجمانی سے استفادہ کیا۔ جلسہ کے تمام پروگرام اور خصوصاًحضور انور کے اختتامی خطاب کا مذکورہ زبانوں میں ترجمہ کیا گیا۔ مستورات بھی مردانہ جلسہ گاہ کے پروگرام کی 9زبانوں میں ہونےو الی ترجمانی سے استفادہ کرتی رہیں۔ امسال ملیالم ، تامل ،بنگلہ کے علاوہ رشین زبان میں بھی پہلی مرتبہ میںلائیو سٹریمنگ نشر کی گئی ۔ الحمد للہ ۔
لائیو اسٹریمنگ
جلسہ سالانہ کی کارروائی لائیو اسٹریمنگ کے ذریعہ دکھائی جاتی رہی جس سے نہ صرف ہندوستان کی جماعتوں نے بھرپور استفادہ کیابلکہ بیرون ملک بھی جلسہ کا پروگرام دیکھا گیا ۔ لائیو اسٹریمنگ کے ذریعہ اُردو سے باون ہزار، ملیالم سے پانچ ہزار سات سو، تامل سے تین ہزار پانچ سو بنگلہ سے سترہ سو اور رشین زبان سے سات سو چھیاسٹھ افراد نے استفادہ کیا۔
شعبہ خدمت خلق
جلسہ سالانہ قادیان کا ایک اہم شعبہ’’شعبہ خدمت خلق‘‘ بھی ہے ، جس کے تحت بنیادی طور پر نظم وضبط اور حفاظتی ڈیوٹیاںسرانجام دی جاتی ہیں۔ امسال ہندوستان کے مختلف صوبہ جات کی مجالس سے460خدام رضاکاران شعبہ خدمت خلق کے تحت خدمات سرانجام دینے کے لئے قادیان تشریف لائے۔ اور قادیان کے کم و بیش 230خدام نے اس شعبہ کے تحت ڈیوٹیاں سرانجام دیں۔ اس کے علاوہ انصارصف دوم کی ایک ٹیم اور لجنہ اماء اللہ کی ایک ٹیم بھی شعبہ خدمت خلق کے تحت خدمات بجا لا رہی تھی۔شعبہ رجسٹریشن کے تحت اندرون و بیرون ملک سے آنے والے جملہ مہمانان کرام کی رجسٹریشن کی گئی اور انہیں جلسہ رجسٹریشن کارڈز فراہم کئے گئے۔ دارالمسیح، بہشتی مقبرہ اور جلسہ گاہ میں شعبہ ھذا کے تحت ہر داخل ہونے والے کی چیکنگ کا انتظام کیا گیا۔ اسی طرح مساجد میں صف بندی، سڑکوں اور گلیوں میں ٹریفک اور پارکنگ کے انتظامات، جلسہ گاہ میں مہمانان کرام کوپانی پلانے کا انتظام، قیام گاہوں اور قادیان کے داخلی راستوں میں 24گھنٹے کی حفاظتی ڈیوٹیاں شعبہ ھذا کے تحت خدام نے سرانجام دی ہیں۔اسی طرح ہیلپ ڈیسک، لاسٹ اینڈ فاؤنڈ، اطلاعات و اعلانات، فرسٹ ایڈ وغیرہ ذیلی شعبہ جات کے تحت بھی خدام نے ڈیوٹیاں سرانجام دیں۔ لوائے احمدیت کو پُر وقار طریق پر مقررہ ہدایات اور روایات کی پابندی کے ساتھ خدام کی حفاظتی ڈیوٹیوں کے ساتھ جلسہ سالانہ کے تینوں روز جلسہ گاہ لے جایا گیا اور واپس لایا گیا۔ یہ خدمات بھی شعبہ خدمت خلق کے تحت سرانجام دئیے گئے۔
mtaقادیان اسٹوڈیو سے لائیو عربی پروگرام بعنوان
’’اِسْمَعُوْا صَوْتَ السَّمَآء جَآءَ الْمَسِیْحُ جَآءَ الْمَسِیْحُ‘‘
جلسہ سالانہ قادیان سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے قادیان دار الامان سے لائیو عربی پروگرام ’’اِسْمَعُوْا صَوْتَ السَّمَآء جَآءَ الْمَسِیْحُ جَآءَ الْمَسِیْحُ ‘‘ کی نشریات مورخہ 19 تا 21 دسمبر 2024 بروز جمعرات، جمعہ اور ہفتہ نشر ہوا۔یہ پروگرام ہندوستانی وقت کے مطابق رات30:10 تا 30:12 ہوتا رہا۔درج ذیل احباب نے اس پروگرام میں حصہ لیا۔ مکرم محمد شریف عودہ صاحب امیر جماعت احمدیہ کبابیر بطور میزبان۔ مکرم محمد طاہر ندیم صاحب عربی ڈیسک لندن۔ مکرم عبد القادر مدلل صاحب، صدر جماعت فلسطین۔اس سہ روزہ پروگرام میں ’’ہمدردیٔ خلق ‘‘ کے عنوان پر گفتگوہوئی۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے ہمدردیٔ خلائق کے حوالہ سے جو تعلیم پیش کی اور حضور علیہ السلام کا اس سلسلہ میں جو نمونہ تھا اس کو احسن رنگ میں پیش کیا گیا۔
…٭…٭…٭…