اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




.

2026-06-25

جماعت احمدیہ کیرنگ و محمود آباد (اڈیشہ) کے 59ویں جلسہ سالانہ کا شاندار اور کامیاب انعقاد

جماعت احمدیہ کیرنگ کے 59ویں جلسہ سالانہ کا کامیاب انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ کیرنگ و محمود آباد، اڑیسہ کے زیر اہتمام 9 و 10 مئی 2026ء کو دو روزہ جلسہ سالانہ نہایت کامیابی اور روحانی برکات کے ساتھ منعقد ہوا۔ جلسہ میں اڑیسہ کے مختلف اضلاع کے علاوہ ملک کی 16 دیگر ریاستوں سے بھی احباب جماعت نے شرکت کی۔
مرکز احمدیت قادیان سے مکرم عطاء المجیب لون صاحب ایڈیشنل ناظر اصلاح وارشاد جنوبی ہند نے شرکت فرمائی۔ جلسہ کی کامیابی کے لئے حضرت امیر المؤمنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں خط لکھا گیا۔الحمد للہ کہ حضور انور کی دعاؤں سے جلسہ کے ایام سے قبل جو شدید گرم موسم تھا وہ جلسہ کے ایام میں نہایت سہانا ہوگیا اور سامعین و شاملین نے بہت آرام سے جلسہ کے تمام پروگرام سنے ۔ جلسہ میں محترم ایڈیشنل ناظر صاحب اصلاح وارشاد جنوبی ہند کے علاوہ قادیان سے مکرم شہاب الدین صاحب نائب ناظر بیت المال آمداور مکرم ٹی ایم عبد المجیب صاحب نائب ناظم مال وقف جدید نے بھی شرکت کی ۔جبکہ مکرم شیخ ہارون صاحب امیر ضلع کٹک بھی اس جلسہ میں شامل ہوئے۔
جلسہ کے ایام میں جماعت احمدیہ کیرنگ و محمود آباد کی چھ مساجد و نماز سنٹرز میں بیک وقت نماز تہجد باجماعت کا انتظام کیا گیا ۔ نماز فجر کے بعد اطاعتِ والدین، اولاد کی ذمہ داریاں اور توبہ کی حقیقت جیسے اہم موضوعات پر دروس دیے گئے جبکہ اجتماعی تلاوتِ قرآن کریم اور ریفریشمنٹ کا بھی انتظام تھا۔
9 مئی 2026ء کو منعقد ہونے والی پہلی نشست کی صدارت مکرم سیفدر احمد خان صاحب ضلعی امیر خردہ۔ نیاگڑھ نے کی۔ اس موقع پر محترم مولوی حلیم خان صاحب شاہد مربی سلسلہ بھونیشور نے ’’ہستی باری تعالیٰ قبولیتِ دعا کے آئینہ میں‘‘، محترم مولوی مقصود علی احمد خان صاحب مبلغ سلسلہ سونگڑہ نے ’’سیرت آنحضرت ﷺ (اہل و عیال سے حسنِ سلوک کے آئینہ میں)‘‘، مولوی میر سبحان علی صاحب معلم سلسلہ کیرنگ نے ’’اسلام میں قضائی نظام (قرآن و حدیث کی روشنی میں)‘‘ اور مولوی میر عبدالحفیظ صاحب مبلغ انچارج ضلع بھدرک نے ’’خلافت سے وابستگی اور اطاعت روحانی ترقی کا ذریعہ‘‘ کے موضوعات پر تقاریر کیں۔ آخر میں مولوی محمد شہاب الدین صاحب نائب ناظر بیت المال آمد نےنے تقریر پیش کیاور اس کے بعد صدر مجلس نے صدارتی خطاب کیا۔
اسی روز شام کی دوسری نشست محترم شیخ ہارون رشید صاحب امیر ضلع کٹک کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔ اس نشست میں مولوی نوید الفتح صاحب مربی سلسلہ بالاسور نے ’’شرائطِ بیعت اور ہماری ذمہ داریاں‘‘، مولوی عبدالرحیم صاحب درد مبلغ سلسلہ دھواں ساہی نے ’’تربیتِ اولاد اور ہماری ذمہ داریاں‘‘، مولوی شیخ ادریس صاحب انسپکٹر نظامت مال وقف جدید نے ’’مالی قربانی کی اہمیت اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ اور مولوی شیخ عبدالقادر صاحب مبلغ سلسلہ دسپلہ نے ’’چار نکاتی پروگرام اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ کے موضوعات پر تقاریر کیں۔
10 مئی 2026ء کی صبح پہلی نشست میں لوائے احمدیت کی پرچم کشائی محترم مولوی عطاء المجیب صاحب لون (ایڈیشنل ناظر اصلاح و ارشاد جنوبی ہند) نے کی جبکہ صدارت مکرم وسیم احمد خان صاحب امیر جماعت احمدیہ کیرنگ نے کی۔ اس نشست میں مولوی اخترالدین خان صاحب مبلغ سلسلہ محمود آباد نے ’’لازمی چندہ جات و نظامِ وصیت کی اہمیت‘‘، مولوی سید فضل نعیم صاحب مربی سلسلہ دعوت الی اللہ اڈیشہ نے ’’دعوت الی اللہ ہر احمدی پر فرض ہے‘‘، مولوی شیخ اسحاق صاحب مبلغ انچارج ضلع کٹک نے ’’اسلام کی اخلاقی تعلیم‘‘ اور مولوی حلیم احمد صاحب مبلغ سلسلہ کیرنگ و ضلعی انچارج خردہ۔ نیاگڑھ نے ’’بدرسومات کے خلاف جہاد‘‘ کے موضوعات پر تقاریر کیں جبکہ مولوی T.M عبدالمجیب صاحب نائب ناظم مال وقف جدید نے بھی حاضرین سے خطاب کیا۔
10 مئی کی اختتامی نشست محترم مولوی عطاء المجیب صاحب لون، ایڈیشنل ناظر اصلاح و ارشاد جنوبی ہند و صدر مجلس انصاراللہ بھارت کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔ اس موقع پر مولوی فضل حق خان صاحب مبلغ سلسلہ کٹک نے ’’مذہبی رواداری و آزادیٔ ضمیر‘‘ کے موضوع پر اڑیہ زبان میں تقریر کی۔ بعد ازاں میٹرک اور اس سے اعلیٰ جماعتوں میں 80 فیصد یا اس سے زائد نمبرات حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں نقد انعامات اور میڈلز تقسیم کیے گئے۔ ان انعام یافتگان میں ایک غیرمسلم ہندو طالب علم بھی شامل تھا جس کے نہایت خوشگوار اثرات مرتب ہوئے۔ اس موقع پر خلفائے احمدیت کے جلسہ سالانہ کیرنگ کے لئے بھجوائے گئے سابقہ پیغامات بھی حاضرین کو سنائے گئے۔ آخر میں صدارتی خطاب، شکریہ اور اجتماعی دعا کے ساتھ جلسہ اختتام پذیر ہوا۔
الحمدللہ جلسہ میں 116 غیرمسلم و غیراحمدی احباب نے شرکت کی جبکہ مختلف سرکاری، غیرسرکاری اداروں اور سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے 26 معزز مہمان بھی شامل ہوئے۔ مرکزکے تعاون سے جلسہ کی کارروائی آن لائن بھی نشر کی گئی جس سے تقریباً 215 افراد نے استفادہ کیا۔ جلسہ کی خبریں 24 اخبارات میں شائع ہوئیں ۔
حاضری کے لحاظ سے جماعت احمدیہ کیرنگ و محمود آباد سے 3500، اڑیسہ کی دیگر جماعتوں سے 1900 جبکہ دیگر 16 ریاستوں سے 93 مہمان شامل ہوئے۔ احباب جماعت نے مہمانوں کی رہائش کے لیے اپنے مکانات پیش کیے، آمدورفت کے لیے گاڑیاں مہیا کیں اور جلسہ گاہ و اطراف کی صفائی و آرائش میں بھرپور تعاون کیا۔اس طرح یہ جلسہ خوشگوار موسم، وسیع تبلیغی اثرات، بین الجماعتی اخوت اور غیرمسلم احباب کی نمایاں شرکت کے اعتبار سے نہایت بابرکت ثابت ہوا۔ اللہ تعالیٰ اس جلسہ کے نیک اثرات اور دور رس نتائج ظاہر فرمائے۔ آمین۔
(ازامیر جماعت احمدیہ کیرنگ اڈیشہ )