اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




.

2026-06-25

جماعت احمدیہ کولکاتہ کی مسجد و مشن ہاؤس کی تعمیرِ نو کا مبارک آغاز

جماعت احمدیہ کولکاتہ کی مسجد و مشن ہاؤس کی تعمیرِ نَو کا شاندار افتتاح
اللہ تعالیٰ کے فضل سے 12 اپریل 2026ء کو احمدیہ مشن ہاؤس و مسجد کولکاتہ کی تعمیرِ نو کا منصوبہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے عمل میں آیا۔ افتتاحی تقریب کا آغاز مکرم تنویر احمد بانی صاحب امیر جماعت احمدیہ کے ہاتھوں سنگِ افتتاح رکھنے سے ہوا۔ بعد ازاں دیگر معزز احباب نے بھی باری باری اس تقریب میں شرکت کی۔تقریب میں مقامی جماعت کے افراد، مجلس عاملہ کے اراکین اور ذیلی تنظیموں مجلس خدام الاحمدیہ، مجلس انصاراللہ اور لجنہ اماء اللہ کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر اس منصوبہ کے کامیاب آغاز پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے صدقہ و خیرات بھی کیا گیا۔واضح رہے کہ جماعت احمدیہ کولکاتہ کا باقاعدہ قیام 1918ء میں عمل میں آیا تھا۔ ابتدائی دور میں نمازوں اور جماعتی پروگراموں کے لیے کرایہ کی عمارتوں اور دیگر عارضی مقامات کا استعمال کیا جاتا تھا۔ بعد ازاں 1947ء میں پارک سرکس مین روڈ پر زمین حاصل کی گئی۔
تقسیمِ ہند کے باعث بعض انتظامی مشکلات پیش آئیں تاہم جماعتی کوششیں جاری رہیں۔موجودہ مسجد کی بنیاد 16 ستمبر 1962ء کو حضرت میاں وسیم احمد صاحب سابق ناظر اعلی و امیر جماعت احمدیہ قادیان نے رکھی جبکہ تعمیراتی کام مکرم مولانا بشیر احمد صاحب مبلغ سلسلہ کی نگرانی میں مکمل ہوا۔
مسجد کا باقاعدہ افتتاح 14 فروری 1964ء بروز جمعہ عمل میں آیا۔ اس کے بعد سے یہ مسجد اور مشن ہاؤس کولکاتہ اور مشرقی ہندوستان میں جماعتی، تبلیغی اور انتظامی سرگرمیوں کا اہم مرکز چلا آ رہا ہے۔اس مرکز کو حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ کی خلافت پر متمکن ہونے سے قبل کی قدم بوسی نصیب ہے۔
علاوہ ازیں جماعت کی متعدد مرکزی شخصیات اور مبلغین کے دوروں سے بھی شرف حاصل ہو چکا ہے۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ کلکتہ کی اس مسجد اور مشن ہاوس کی تعمیرِ نو جماعت کی اہم ضروریات کو پورا کرے اور مستقبل میں دینی و جماعتی سرگرمیوں کے فروغ میں معاون ثابت ہو۔ آمین۔ (از امیر جماعت احمدیہ کولکاتہ )