اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




.

2026-07-30

ہر احمدی کو آنحضرتؐ پر درود بھیجنے پر بہت توجہ دینی چاہئے

حضرت مرز امسرور احمد صاحب خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرماتے ہیں:

’’حضرت اقد س مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے کثرت سے اپنے آقا پر درود بھیجنے کو اللہ تعالیٰ نے اس قدر نوازا کہ آپ ؑکو الہاماً فرمایا:

’’تجھ پر عرب کے صلحاء اور شام کے ابدال درود بھیجیں گے۔ زمین و آسمان تجھ پر درود بھیجتے ہیں اور اللہ تعالیٰ عرش سے تیری تعریف کرتا ہے‘‘ (تذکرہ۔ صفحہ ۱۶۲۔ مطبوعہ ۱۹۶۹ ء)

پھر الہام ہواایک لمبا عربی الہام ہے، کچھ حصے کا ترجمہ پیش کرتاہوں ۔ کہ خدا عرش پر سے تیری تعریف کررہاہے۔ ہم تیری تعریف کرتے اور تیرے پر درود بھیجتے ہیں ۔لوگ چاہتے ہیں کہ خدا کے نورکو اپنے منہ کی پھونکوں سے بجھا دیں ۔ مگر خدا اس نور کو نہیں چھوڑے گا جب تک پورا نہ کرلے اگرچہ منکر کراہت کریں ۔ ہم عنقریب ان کے دلوں میں رعب ڈالیں گے۔ جب خدا کی مدد اور فتح آئے گی اورزمانہ ہماری طرف رجوع کر لے گا تو کہا جائے گاکہ کیا یہ سچ نہ تھا جیساکہ تم نے سمجھا۔‘‘

(تذکرہ صفحہ ۳۵۵۔ مطبوعہ ۱۹۶۹ ء)

تویہ ہیں برکات اورفیض جو آنحضرت ﷺپر درود بھیجنے سے حاصل ہوتے ہیں ۔ پس ہر احمدی کو آنحضرت ﷺ پر درود بھیجنے پر بہت زیادہ توجہ دینی چاہئے۔یہی وسیلہ ہے جس سے اب ہمارے ذاتی فیض بھی اور جماعتی فیض اور برکات اور ترقیات وابستہ ہیں ۔ آج جمعہ کا دن بھی ہے اور جمعہ کے دن آنحضرت ﷺ نے اپنے پردرود بھیجنے کی مومنوں کو خاص طورپر تاکید فرمائی ہے جیسا کہ اس حدیث میں آتاہے۔آنحضرت ﷺ نے فرمایا : تمہارے بہترین ایام میں سے ایک جمعہ کا دن ہے۔اسی روز آدم پیدا کئے گئے، اسی روز انہیں وفات دی گئی۔ اسی دن نفخ صُورہوگا اور اسی روز غشی ہوگی۔ پس اسی روز تم مجھ پہ کثرت سے درود بھیجاکرو۔ تمہارا درود مجھ تک …پہنچایا جائے گا۔ راوی کہتے ہیں کہ اس پر صحابہ نے عرض کیا کہ یارسول اللہ جب آپ کا وجود بوسیدہ ہو چکا ہوگا یعنی کہ جسم مٹی بن گیاہوگا اس وقت ہمارا درُود آپ کو کیسے پہنچایا جائے گا۔ فرمایا:اللہ تعالیٰ نے انبیاء کے وجودوں کو زمین پر حرام کر دیاہے۔ (سنن ابی داؤدکتاب الصلوٰۃ باب الجمعۃ)‘‘

(خطبہ جمعہ 5؍ ستمبر 2003ء)