اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




ارشاد نبویﷺ

2023-11-02

 راستے کا حق

پیاسے جانور کو پانی پلانے کا ثواب

 

راستے کا حق

(2465)حضرت بو سعید ؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐنے فرمایا:دیکھنا راستوں پرنہ بیٹھنا۔ صحابہؓ نے کہا :ہمیں تو اس سے چارہ ہی نہیں ۔ وہی ہمارے بیٹھنے کی جگہیں ہیں  جہاں ہم آپس میں بات چیت کرتے ہیں ۔ آپؐ نے فرمایا :اگر انہیں بیٹھکیں ہی بنانا ہے تو پھر راستے کو جو اس کا حق ہے ، دو ۔ انہوں نے پوچھا :راستے کا حق کیا ہے؟ آپؐ نے فرمایا :نگاہ نیچے رکھنا اور تکلیف دِہ شئے دُور کرنااور سلام کا جواب دینا ، بھلی بات کا حکم دینا اور ناپسند یدہ بات سے روکنا۔

پیاسے جانور کو پانی پلانے کا ثواب

(2466)حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے فرمایا:ایک بار ایک شخص راستہ میں جا رہاتھا کہ اسے سخت پیاس لگی ۔اس نے ایک کنواں پایا ۔ اس میں اترا اور پانی پیا۔ پھر باہر نکلا تو کیا دیکھتا ہے کہ ایک کتّا ہے جو ہانپ رہاہے اور پیاس کی وجہ سے کیچڑ چاٹ رہاہے ۔ اس شخص نے خیال کیا کہ اس کتّے کو بھی پیاس سے وہی تکلیف ہے جو مجھے پہنچی تھی۔ وہ کنوئیں  میں اُترا اور اپنا موزہ پانی سے بھرا اور اس کتّے کو پانی پلایا۔ اللہ نے اسکی اس نیکی کی قدر کی اور اس کے گناہوں کی پردہ پوشی فرماتے ہوئے اس سے درگزر کیا۔ صحابہؓ نے کہا یا رسول اللہ !اور ہمیں ان بے زبان چوپایوں کی وجہ سے بھی ثواب ملے گا؟ آپؐ نے فرمایا :ہر تازہ جگر (جاندار مخلوق)کی وجہ سے ثواب ہوگا۔

(صحیح بخاری ، جلد 4، کتاب المظالم، مطبوعہ 2008قادیان )