کسی کا حق دبانے کا گناہ اور عذاب
(2458)حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہاسے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے حجرہ کے دروازے پر کچھ جھگڑا سنا تو آپؐاُن آدمیوں کے پاس آئے اور آپؐنے فرمایا:مَیں ایک بشرہی ہوں اور میرے پاس ایک فریق آتا ہے تو ہو سکتا ہے کہ تم میں سے کوئی دوسرے سے اپنے مطلب کو زیادہ خوبی سے بیان کرنے والا ہو اور مَیں سمجھ لوں کہ اس نے سچ کہا ہے اور اس کے بیان پر اس کے حق میں فیصلہ کردوں ۔ اس لئے اگر میں نے ایک شخص کو کسی مسلم کا حق (ناواجب طور پر )دلانے کا فیصلہ کردیا تو یقین کر لو کہ وہ صرف آگ کا ہی ایک ٹکڑا ہے جو اسے دیا جارہاہے ۔ چاہے اسے لے لے، چاہے اسے چھوڑ دے۔
منافق کی چارخصلتیں
(2459)حضرت عبد اللہ بن عمر و رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا:جس میں چار خصلتیں ہوں وہ منافق ہے یا جس میں چار میں سے ایک خصلت پائی جاتی ہو تو اُس میں نفاق کی بھی ایک خصلت ہوگی ، جب تک کہ وہ اُسے چھوڑ نہ دے ۔ جب بات کرےگا تو جھوٹ بولے گا ۔ جب وعدہ کرے گا تو خلاف ورزی کرے گا اور جب عہد کرے گا تو دھوکا دےگا اور جب جھگڑے گا تو بدزبانی کرے گا ۔
(صحیح بخاری ، جلد 4، کتاب المظالم، مطبوعہ 2008قادیان )