حضرت عبداللہ بن ابی اوفیٰ رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ ایک شخص نے اپنا سامان بیچنے کے لئے رکھا اور اللہ کی قسم کھائی کہ اسے اس مال کے لئے اتنی قیمت دی جاتی رہی ہے، (مگر حقیقت میں اتنی قیمت پیش نہیں کی گئی تھی) اس پر یہ آیت نازل ہوئی کہ جو لوگ اللہ کے عہد اور اپنی قسموں کے بدلے تھوڑی سی پونجی لیتے ہیں۔
حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو جھوٹا ہو کر اس غرض سے قسم کھائے کہ کسی شخص کا یا فرمایا کہ اپنے بھائی کا مال مارے تو وہ اللہ سے ایسی حالت میں ملے گا کہ اللہ اس سے ناراض ہوگا اور اللہ عزوجل نے قرآن مجید میں اس بارہ میں یہ آیت نازل کی ہے: وہ لوگ جو اللہ کے عہد اور اپنی قسموں کے بدلے تھوڑی سی پونجی لیتے ہیں … ان کے لیے دردناک عذاب (مقدر) ہے۔