حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے بڑے گناہوں کی نسبت دریافت کیا گیا تو آپؐنے فرمایا: اللہ کا شریک ٹھہرانا اور والدین کی نافرمانی اور کسی نفس کا ناحق قتل کرنا اور جھوٹی گواہی دینا۔
حضرت عبدالرحمٰن بن ابوبکرہ رضی اللہ عنہ اپنے والد سے روایت کرتے ہیں کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے تین بار فرمایا: کیا میں تمہیں بڑے گناہ نہ بتائوں؟ صحابہ نے کہا: کیوں نہیں یارسول اللہ! فرمائیں! آپؐنے فرمایا: اللہ کا شریک ٹھہرانا اور والدین کی نافرمانی اور آپؐتکیہ لگائے تھے، اُٹھ کر بیٹھ گئے اور فرمایا: ہوشیار رہو جھوٹ بولنا بھی۔ کہتے تھے: آپؐاسے اتنی باردہراتے رہے کہ ہم نے کہا: کاش ! آپؐخاموش ہوجائیں۔