محسن کا شکرگزار ہونا
حضرت ابوہریرہ رضی الله عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جو لوگوں کا شکر ادا نہیں کرتا وہ خداتعالیٰ کا بھی شکر ادا نہیں کرتا۔
(سنن الترمذی کتاب البر والصلۃ باب ما جاء فی الشکر لمن احسن الیک)
صبر و استقامت
حضرت عثمان بن عفانؓبیان کرتے ہیں کہ میں اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مکہ کی وادی میں جا رہے تھے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے میرا ہاتھ پکڑا ہوا تھا۔ ہم ابو عمارؓ، عمارؓ اور ان کی والدہؓکے پاس آئے۔ ان کو تکالیف دی جا رہی تھیں۔ حضرت یاسرؓنے کہا کیا ہمیشہ اسی طرح ہوتا رہے گا؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت یاسرؓسے فرمایا صبر کرو۔ اور پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ دعا بھی کی کہ اے اللہ! آل یاسر کی مغفرت فرما اور یقیناً تُو نے ایسا کر دیا ہے۔
(الطبقات الکبریٰ جلد3 صفحہ188عمار بن یاسرؓمطبوعہ دار احیاء التراث العربی بیروت1990ء)