اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




ارشاد نبویﷺ

2024-11-07

امانت و دیانت کے انمول نمونے اور حکیمانہ فیصلہ

حضرت ابوہریرہؓبیان کرتے ہیں کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا ایک آدمی نے دوسرے آدمی سے کچھ جائیداد خریدی ۔ خریدنے والے کو اس زمین سے سونے سے بھرا ہوا ایک گھڑا ملا ۔ اس پر خریدنے والے نے بیچنے والے کے پاس جاکر کہا تم نے جو زمین میرے پاس بیچی ہے اس میں سے یہ سونا ملا ہے اس سونے پر تمہارا حق ہے ۔ کیونکہ میں نےتو صرف زمین خریدی ہے یہ سونا نہیں خریدا ۔ اس لئے یہ تمہیں واپس کرنے آیا ہوں۔ جس نے جائیداد بیچی تھی اس نے جواب دیا میں نے تو تمہارے پاس زمین اور جو کچھ اس میں ہے تمام حقوق کے ساتھ بیچ دی ہے اس لئے یہ سونا واپس نہیں لوں گا ۔ آخر یہ تنازعہ وہ دونوں ایک بزرگ کے پاس لے گئے ۔ اس نے حالات سن کر پوچھا کیا تمہارا کوئی بچّہ ہے ان میں سے ایک نے کہا میرا لڑکا ہے دوسرے نے کہا میری لڑکی ہے ۔ اس پر ثالث نے تجویز کیا کہ تم ان دونوں کی آپس میں شادی کردو اور شادی کا خرچ اس سونے سے پورا کرو ۔ چنانچہ اس فیصلہ پر وہ راضی ہوگئے اور شادی کے ذریعہ اخلاق کے یہ انمول نمونے روحانی قرب کے ساتھ ساتھ دنیاوی رشتہ میں بھی ایک دوسرے کے قریب ہوگئے۔ (بخاری کتاب الانبیاء، بحوالہ حدیقۃ الصالحین حدیث نمبر 999)