زکوٰۃ دینا، محتاجوں کو دودھ پلانا
{2633} حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ کے پاس ایک بدوی آیا۔ اس نے آپؐسے ہجرت کی نسبت پوچھا۔ آپؐنے فرمایا: ہجرت کا معاملہ تو بہت ہی مشکل ہے۔ کیا تمہارے پاس کچھ اُونٹ ہیں؟ اس نے کہا ہیں۔ آپؐنے فرمایا ان کی زکوٰۃ دیتے ہو؟ اس نے کہا ہاں دیتا ہوں۔ آپؐنے فرمایا کسی کو دودھ پینے کے لئے بھی جانور دیتے ہو؟ اس نے عرض کیا جی ہاں۔ پھر آپؐنے دریافت فرمایا: کیا ان اُونٹوں کو پانی پلاتے وقت دوہتے ہو (اور محتاجوں کو ان کا دودھ پلاتے ہو؟) اُس نے کہا جی ہاں۔ تب آپؐنے فرمایا: پھر تم سمندروں سے پار رَہ کر بھی عمل کرتے رہو تو اللہ تعالیٰ تمہارے کسی عمل کا ثواب دینے میں تمہارے ساتھ کوئی کمی نہیں کرے گا۔
اناج اگانے اور کھانے کیلئے
زمین بغیر اجرت کے دینا
{2634} حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی ﷺ ایسی زمین کی طرف گئے جس میں کھیتی لہلہا رہی تھی۔ آپؐنے فرمایا کس کی ہے؟ تو لوگوں نے کہا فلاں شخص نے یہ زمین پٹہ پر لی ہوئی ہے۔ آپؐنے فرمایا: اگر زمین کا مالک اس زمین کو اسے یونہی دے دیتا تو یہ اس کیلئے بہتر ہوتا بہ نسبت اس کے کہ وہ اس پر مقررہ لگان لیتا۔
(صحیح البخاری ، جلد 4، کتاب الہبہ)