ہبہ کو خریدنے کی ممانعت
{2623} حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ میں نے اللہ کی راہ میں ایک گھوڑا سواری کے لئے دیا تو جس کے پاس وہ تھا اس نے اس کو خراب کردیا۔ اس لئے میں نے چاہا کہ اس سے وہ خرید لوں اور میں نے خیال کیا کہ وہ اس کو سستا ہی فروخت کرے گا۔ میں نے اس کے متعلق نبی ﷺ سےپوچھا تو آپؐنے فرمایا:اسے نہ خریدیں اگر چہ وہ تمہیں ایک درہم پر ہی کیوں نہ دے کیونکہ اپنے صدقہ میں لَوٹنے والا اس کتے کی طرح ہے جو اپنی قے چاٹتا ہے۔
شہادت پر فیصلہ
{2624} حضرت عبداللہ بن عبیداللہ بن ابی ملیکہ سے روایت ہے کہ ابن جد عان کے آزاد کردہ غلام صہیب کے بیٹوں نے خواب گاہ کے دو کمروں اور ایک کوٹھڑی کا دعویٰ کیا، اس بنا پر کہ رسول اللہ ﷺنے یہ صہیب کو دئیے تھے تو مروان نے کہا: تمہارے لئے اس بات کی کوئی گواہی دے گا؟ انہوں نے کہا: (حضرت عبداللہ) بن عمرؓ۔ مروان نے ان کو بلایا اور انہوں نے گواہی دی کہ رسول اللہ ﷺنے صہیب کو یقینا دو سونے کے کمرے اور ایک کوٹھڑی دی تھی۔ چنانچہ مروان نے حضرت عبداللہؓ کی شہادت کی بناء پر اُن کے حق میں فیصلہ کردیا۔
(صحیح البخاری ، جلد 4، کتاب الہبہ)