{2618} حضرت عبدالرحمن بن ابی بکر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ ہم نبی ﷺکے ساتھ ایک سو تیس آدمی تھے۔ نبی ﷺنے پوچھا: کیا تم میں سے کسی کے پاس کھانا ہے؟ دیکھا تو ایک شخص کے پاس ایک صاع یا اس کے قریب قریب کچھ آٹا ہے۔ وہ گوند ھا گیا، اس کے بعد ایک مشرک شخص پراگندہ بال،دراز قامت بکریاں ہانکتا ہوا پہنچا۔ نبی ﷺنے پوچھا: بیچنی ہیں یا یونہی دینی ہیں۔ عطیہ کا لفظ فرمایا یا ہبہ کا۔ اس نے کہا: یونہی نہیں بلکہ بیچنی ہیں۔ تو آپؐنے اس سے ایک بکری خریدی۔ وہ ذبح کرکے پکانے کے لئے تیار کی گئی۔ آپؐنے فرمایا: کلیجی بھونی جائے اور بخدا ایک سوتیس آدمیوں میں ایک بھی نہ تھا جس کو نبی ﷺنے اس بکری کی کلیجی سے ایک ٹکڑا کاٹ کر نہ دیا ہو۔ اگر کوئی موجود تھا تو اسے دے دیااور اگر موجود نہ تھا تو آپؐنے اس کے لئے محفوظ کرلیا اور اس کے گوشت سے دو بڑے بڑے پیالے تیار کئے گئے اور سب نے کھایا اور ہم سیر ہوگئے اور دونوں پیالوں میں گوشت بچ رہا۔ ہم نے اس کو اُونٹ پر رکھ لیا یا کچھ ایسے ہی الفاظ تھے جو راوی نے کہے۔(صحیح البخاری ، جلد 4، کتاب الہبہ)