اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




ارشاد نبویﷺ

2024-09-19

اسوۂ حسنہ: حسنِ معاملہ اور فیاضیِ مصطفیٰ ﷺ

قرض کی احسن رنگ میں
ادائیگی کی تعلیم
{2609} حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے نبی ﷺسے روایت کی کہ آپؐنے ایک اُونٹ قرض لیا تھا۔ پھر اُونٹ والا آپؐکےپاس آیا، آپؐسے تقاضا کرنے لگا۔ صحابہ نے اس سے (سختی سے) بات کی۔ آپؐنے فرمایا: حقدار کہا ہی کرتا ہے۔پھر آپؐنے اسے اس کے اُونٹ کی عمر سے بڑھ کر عمر والا اُونٹ دیا اور فرمایا: تم میں بہتر وہی ہیں جو قرضے کو خوبی سے ادا کریں۔
آنحضرتؐکا صحابہ سے محبت
اور ان سے حسن سلوک
{2610} حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ وہ نبی ﷺکے ساتھ کسی سفر میں تھے اور حضرت عمرؓکے ایک اُونٹ پر سوار تھے جو منہ زورتھا اور نبی ﷺسے آگے بڑھ جاتا اور ان کے والد انہیںکہتے: عبداللہؓ! نبی ﷺسے کوئی آگے نہ بڑھے۔ نبی ﷺنے حضرت عمرؓ سے فرمایا: میرے پاس یہ فروخت کردو۔ حضرت عمرؓ نے کہا: یہ تو آپؐہی کا ہے۔ آپؐنے اسے خرید لیا۔ اس کے بعد فرمایا: عبداللہؓ! یہ اب تمہارا ہی ہے ۔ اس سے تم جو چاہو کام لو۔
(صحیح بخاری ، جلد 4، باب کتاب الھبۃ)