اگر کوئی ہبہ کا وعدہ کرے
پھر ہبہ کی تکمیل سے پہلےفوت ہوجائے
(2598) حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے وہ کہتے تھے: نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے فرمایا: اگر بحرین کا مال آیا تو میں تمہیں اس طرح دوں گا۔ تین بارفرمایا۔ تو وہ مال اس وقت آیا جب نبی صلی اللہ علیہ وسلم فوت ہوگئے تھے اور حضرت ابوبکرؓ نے ایک مُنادی کو حکم دیا تو اس نے مُنادی کی کہ نبی ﷺ کے ذمہ جس کا کوئی وعدہ یا قرضہ ہو تو چاہیے کہ وہ ہمارے پاس آئے۔ چنانچہ میں ان کے پاس گیا اور میں نے کہا: نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے یہ وعدہ کیا تھا تو حضرت ابوبکرؓ نے مجھے تین لپ بھر کر دئیے۔
داہنی طرف والے کی اہمیت
(2602) حضرت سہل بن سعد رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس پینے کی کوئی شئے لائی گئی۔ آپؐنے پی ۔ آپؐکے داہنی طرف ایک لڑکا تھا اور آپؐکے بائیں طرف بڑی عمر والے تھے۔ آپؐنے لڑکے سے پوچھا: تم مجھے اجازت دو کہ میں انہیں دیدوں ۔ تو اس نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐسے جو حصہ مجھے ملا ہے میں تو اپنے سوا کسی کو نہ دوں گا۔ اس پر آپؐنے اس کے ہاتھ میں پیالہ دے دیا۔(بخاری کتاب الہبہ)
…٭…٭…