صلہ رحمی کا ثواب
(2594) حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ کے غلام کریب سے روایت ہے کہ نبی ﷺ کی زوجہ حضرت میمونہؓ نے اپنی ایک لونڈی آزاد کردی تو آپؐنے ان سے فرمایا: اگر تم اپنے ننھیال والوں سے کسی کو دے کر صلہ رحمی کرتیں تو یہ بات تمہارے ثواب کو زیادہ کرنے کا موجب ہوتی۔
ہدیہ کا زیادہ مستحق کون ہوتا ہے
(2595) حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے وہ بیان کرتی ہیں کہ میں نے کہا: یا رسول اللہ! میرے دو پڑوسی ہیں، ان میں سے کس کو میں ہدیہ بھیجوں؟ آپؐنے فرمایا: ان میں سے اُس کو جس کا دروازہ تم سے زیادہ نزدیک ہو۔
(تشریح) حضرت سیّد زین العابدین ولی اللہ شاہ صاحب رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:
صلہ رحمی میں رشتہ دار غیر رشتہ دار کے مقابل میں مقدم کئے جائیں گے اور حق ہمسائیگی میں ہدیہ کے لئے قریب ترین ہمسایہ مقدم ہوگا، اگر سب کو ہدیہ نہیں بھیجا جاسکتا۔ (بخاری کتاب الہبہ)
…٭…٭…٭…