سیّدنا حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام نے باذنِ الٰہی 1880ء میں اپنی معرکہ آراء تصنیف براہین احمدیہ تصنیف فرمائی جس میں اسلام کی حقانیت، قرآن مجید کی افضلیت، آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی صداقت اورتا قیامت جاری رہنے والی آپؐ کی قوتِ قدسیہ اور وحی و الہام کی حقانیت کے متعلق عظیم الشان دلائل پیش فرمائے اور دیگر مذاہب کے لیڈران، پادریان، پنڈتان اور دہریہ حضرات کو چیلنج دیا کہ اگر وہ اپنے اپنے مذہبی اور عقلی دلائل سے براہین احمدیہ کی طرح اپنے اپنے مذاہب کی صداقت اور خوبیوں پر روشنی ڈالیں اوراگر ان کی پیش کردہ خوبیاں براہین احمدیہ میں پیش کردہ خوبیوں کے برابر ہوئیں یا ان کا نصف یا چوتھا حصہ یا پانچواں حصہ بھی ہوئیں تو ایسے جواب دینے والے کو آپ دس ہزار روپئے کا انعام دیں گے۔ آپ نے یہاں تک فرمایا کہ اگر کوئی شخص اسلام کےمقابلہ میں اپنے مذہب میں سے پانچواں حصہ خوبیاں بھی بیان نہیں کرسکتا تو کم از کم براہین احمدیہ میں پیش کردہ دلائل کو نمبروار توڑ کر دکھادے تو ایسا شخص بھی انعام کا حقدار ہوگا۔
براہین احمدیہ کا یہ چیلنج آج بھی قائم ہے لیکن آج تک کوئی شخص اس کا حسبِ شرائط جواب نہیں دے سکا۔ ایک شخص مسمّٰی لیکھرام مقابلہ پر آیا لیکن اس کی کتاب ’’ تکذیب براہین احمدیہ‘‘ براہین احمدیہ کے مقابل پر ایسی نہیں تھی جس میں قرآن مجید کے مقابل پر وید کی خوبیاں بیان کی گئی ہوں۔ اس میں صرف اور صرف اسلام اور بانی ٔ اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف زبان درازی، شوخی اور گستاخی بھری ہوئی ہے۔ اس شخص نے اپنی کتاب ’’ خبط احمدیہ‘‘ میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو 1880ء میں مباہلہ کا چیلنج بھی دیا۔ مباہلہ کے الفاظ جو اس نے تحریر کئے ہیں آج بھی اس کی کتاب ’’ خبط احمدیہ‘‘ میں درج ہیں۔ حضور علیہ السلام نے اس کے مباہلہ کو قبول فرمایا۔ جس کے بعد وہ شوخیوں اور دشنام طرازی میں بڑھتا گیا۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے 1893 ء میں اپنی کتاب ’’ آئینہ کمالاتِ اسلام‘‘ میں لکھا کہ یہ شخص 20؍ فروری 1893ء سے چھ سال تک اپنی گستاخیوں کے باعث قتل کیا جائے گا او ریہ بھی فرمایا کہ یہ واقعہ عید کے دوسرے روز ہوگا۔ بالآخر 1897ء میں عید کے دوسرے روز یہ شخص کسی نامعلوم شخص کے ہاتھوں قتل کیا گیا اور اس طرح اس کے مباہلے کا چیلنج اپنے انجام کو پہنچا۔
حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام نے براہین احمدیہ کے پہلے چار حصص میں اپنے بعض انذاری و تبشیری الہامات بھی تحریر فرمائے ہیں اور پھر 23 سال بعد براہین احمدیہ کاحصہ پنجم تصنیف فرمایا جس میں 23 سال کے عرصہ میں پورا ہونے والے ان الہامات کو درج فرمایا جس سے جہاں حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی عظیم الشان صداقت کا اظہار ہوا وہیں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی صداقت اور قرآن مجید کی صداقت کا بھی اظہار ہوا۔ حضور علیہ السلام نے اپنی کتاب ’’حقیقۃ الوحی‘‘ میں بھی نمونہ کے طور پر ایسے 187 الہامات درج فرمائے ہیں جو آپؑ کی زندگی میں نہایت شان سے پورے ہوچکے تھے اور جنہوں نے صداقتِ احمدیت کو روز روشن کی طرح چمکا دیا تھا۔ فالحمد اللہ علیٰ ذالک
ایسے الہامات میں سے صرف چند اس موقع پر پیش کئے جاتے ہیں:
(1) ینقطع اٰباءک و یبدء منک
آپ کو الہام ہوا: سبحان اللہ تبارک و تعالیٰ زاد مجدک ینقطع اٰباءک و یُبْدَءُ منک ۔ یعنی سب پاکیاں خدا کے لئے ہیں جو نہایت برکت والا ہے اور عالی ذات ہے۔ اس نے تیرے مجد کو زیادہ کیا تیرے آباء کا نام اور ذکر منقطع ہوجائے گا یعنی بطور مستقل ان کا نام نہیں رہے گا اور خدا تجھ سے ابتداء شرف اور مجد کا کرے گا۔
یہ الہام نہایت شان سے پورا ہوچکا ہے۔ آج حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے آباء و اجداد کے خاندان میں سے جو آپ پر ایمان نہیں لائے ان میں سے کسی کی بھی نسل نہیں چلی سوائے اس کے کہ جو آپ پر ایمان لے آئے۔ سلسلہ نسل صرف اور صرف آپ کا چل رہا ہے اور پھل پھول رہا ہے جس کی شاخیں پوری دنیا میں پھیلی ہوئی ہیں۔
(2) قتل سے محفوظ رہنے کا الہام
حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کو 1883ء میں الہام ہوا
و ان لم یعصمک الناس فیعصمک اللہ من عندہٖ یعصمک اللہ من عندہٖ وان لم یعصمک الناس۔
پھر 1900 ء میں الہام ہوا۔
ویریدون ان یقتلوک یعصمک اللہ ویکلاک اللہ
وہ چاہتے ہیں کہ تجھے قتل کردیں اللہ تیری حفاظت کرے گا۔
اللہ تیری نگہبانی کرے گا۔ انی اُحافِظکَ۔ عنایۃ اللّٰہ حافظکَ میں تیری حفاظت کروں گا اللہ تعالیٰ کی عنایت تیری محافظ ہے۔
حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی زندگی مخالفتوں کے طوفانوں میں سے گزری۔ آپ کے خلاف قتل کے منصوبے بنائے گئے۔ اقدام قتل کے مقدمے چلے لیکن اللہ نے آپ کو الہام الٰہی کی روشنی میں قتل سے محفوظ رکھا۔ اور اس طرح آپ کی صداقت کو ظاہر فرمایا۔ حالانکہ جھوٹا الہام بنائے والے کے متعلق انذار ہے کہ اللہ اپنے دائیں ہاتھ سے پکڑ کر اس کی شاہ رگ کاٹ دیتا ہے۔ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کو ایسا الہام عطا ہونا کہ خدا آپ کو قتل سے محفوظ رکھے گا اور پھر آپ کا قتل سے محفوظ رہنا آپ کی صداقت کی عظیم الشان دلیل ہے۔
(3) کسوف خسوف کا نشان:
یہ نشان قرآن مجید سے پہلے سابقہ کتب الہامی میں بھی مسیح موعود کی صداقت کے لئے مندرج ہے۔ پھر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی اس کو تفصیل سے بیان فرمایا کہ ہمارے امام مہدی کے لئے یہ نشان ہوگا کہ رمضان کے مہینہ میں چاند کو اس کے گرہن لگنے کی تاریخوں میں سے پہلے دن اور سورج کو اس کے گرہن لگنے کی تاریخوں میں درمیان کے دن گرہن لگے گا۔ اور یہ گرہن حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے دعویٰ مہدویت کے بعد 1894ء میں لگا جس نے آپ کی صداقت پر مہر تصدیق ثبت کردی۔
(4) طاعون سے حفاظت
حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو اللہ نے 1893ء میں الہاماً فرمایا کہ طاعون کی بیماری پُھوٹے گی اور جلد ہی یہ بیماری پنجاب میں بھی پھیلنے والی ہے۔ پُرانے نوشتوں میں بھی لکھا تھا کہ مسیح موعود علیہ السلام کے وقت میں طاعون کی بیماری پُھوٹے گی۔ چنانچہ آپؑ کے دعویٰ کے بعد آپؑ کو اس بیماری کے پُھوٹنے کے متعلق الہام ہونا اور بیماری کا پھیل جانا آپ کی صداقت کی دلیل ہے۔ ساتھ ہی اللہ نے آپ کو اس کا ٹیکہ لگانے سے منع بھی فرمادیا جو کہ اس زمانہ میں گورنمنٹ نے ایجاد کیا تھا۔ آپ نے فرمایا کہ باوجود ٹیکہ نہ لگانے کے مَیں اور میری جماعت کے لوگ نسبتاً ومقابلۃً دوسروں سے زیادہ محفوظ رہیں گے۔ طاعون کی بیماری سابقہ نوشتوں کے مطابق اور حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے الہام کی روشنی میں بہت خطرناک طور پر پھیلی جس میں لاکھوں افراد لقمہ ٔ اجل بنے اور حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام اور آپ کی چاردیواری میں رہنے والے تمام لوگ معجزانہ طور پر محفوظ رہے اور آپؑ کے کئی مخالف جنہوں نے آپ سے مباہلہ کیا تھا اس دور میں اس بیماری سے ہلاک ہوئے جن میں چراغ دین جمونی اور غُلام دستگیر قصوری جیسے کئی نام شامل ہیں۔
(5) جانشین بیٹے کی بشارت
1886ء میں اللہ تعالیٰ نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کو یہ الہامی بشارت دی کہ اللہ تعالیٰ آپ کو ایک بیٹا عطا فرمائے گا۔ جس کے ذریعہ دین اسلام کو ترقی حاصل ہوگی۔ دین اسلام کا شرف اور کلام اللہ کا مرتبہ اس کے ذریعہ ظاہر ہوگا۔ وہ علوم ظاہری و باطنی سے پُر کیا جائے گا۔ قومیں اس سے برکت پائیں گی۔ وہ زمین کے کناروں تک شہرت پائے گا اور وہ آپ کا جانشین ہوگا۔ (حقیقۃ الوحی صفحہ 325،روحانی خزائن جلد نمبر 22)
اس الہامی بشارت کے مطابق وہ لڑکا 1889ء میں پیدا ہوا اور 1914ء میں آپ کا جانشین بنا اور قوموں نے اس سے برکت پائی اور اس نے زمین کے کناروں تک شہرت پائی۔ وہ علوم ظاہری و باطنی سے پُر کیا گیا۔ اس کے ذریعہ کلام اللہ کا مرتبہ ظاہر ہوا۔ چنانچہ تفسیر کبیر اور 200 سے زائد آپ کی تصانیف اس بات کی گواہ ہیں کہ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کا یہ نشان چمکتے سورج کی طرح پورا ہوچکا ہے۔
(6) مقدمۂ قتل
ڈاکٹر مارٹن کلارک نے آپ کے خلاف قتل کا مقدمہ دائر کیا تھا اس کے متعلق حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے پیشگوئی کی تھی کہ اللہ نے فرمایا ہے کہ مجھے اس مقدمہ میں بری کردے گا۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو اس مقدمہ میں بری کردیا۔ اس سے آپ کا یہ الہام بھی پورا ہو ا جس میں اللہ نے آپ کو فرمایا تھا کہ میں قتل کے منصوبوں سے بچاؤں گا۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں:
’’ جب مسیح موعود ہونے کا دعویٰ مَیں نے کیا تو سب مولوی اور ان کے ہم جنس آگ کی طرح ہوگئے ان دنوں میں میرے پر ایک پادری ڈاکٹر مارٹن کلارک نے خون کا مقدمہ کیا اس مقدمہ میں مجھے یہ تجربہ ہوگیا کہ پنجاب کے مولوی میرے خون کے پیاسے ہیں اور مجھے ایک عیسائی سے بھی جو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا دشمن ہے اور گالیاں نکالتا ہے بدتر سمجھتے ہیں۔ کیونکہ بعض مولویوں نے اس مقدمہ میں میرے مخالف عدالت میں حاضر ہوکر اس پادری کے گواہ بن کر گواہیاں دیں....... ان لوگوں نے میرے پھانسی دلانے کیلئے اپنے تمام منصوبوں سے زور لگایا اور ایک دشمنِ خدا اوررسول کی مدد کی اوراس جگہ طبعاً دلوں میں گزرتا ہے کہ جب یہ قوم کے تمام مولوی اور ان کے پیرو میرے جانی دشمن ہو گئے تھے پھر کس نے مجھے اُس بھڑکتی ہوئی آگ سے بچایا۔ حالانکہ آٹھ نو گواہ میرے مجرم بنانے کے لئے گزر چکے تھے اس کا جواب یہ ہے کہ اس نے بچایا جس نے پچیس برس پہلے یہ وعدہ دیا تھا کہ تیری قوم تو تجھے نہیں بچائے گی اور کوشش کرے گی کہ تُو ہلاک ہوجائے مگر میں تجھے بچاؤں گا جیسا کہ اُس نے پہلے سے فرمایا تھا جو براہین احمدیہ میں آج سے پچیس برس پہلے درج ہے۔‘‘ (حقیقۃ الوحی صفحہ 443-442)
(7) اے اللہ مجھے اکیلا نہ چھوڑ :
براہین احمدیہ کے زمانہ میں 1882ء میں آپ کو الہام ہوا ربّ لَاتذرنی فردًا و انت خیرالوارثین ۔
(باقی صفحہ نمبر 10 پر)
یعنی اےمیرے خدا مُجھے اکیلا نہ چھوڑ جیسا کہ اب میں اکیلا ہوں۔ فرمایا یہ دُعا آئندہ کیلئے بطور پیشگوئی تھی۔ براہین احمدیہ کے زمانہ میں آپ بالکل اکیلے تھے اوراکیلے ہی کتاب کے پروف دیکھنے امرتسر جاتے تھے اور کوئی آپؑکو جانتا نہ تھا اور مالی تنگی میں مُبتلا تھے اور پھر اب دُنیا کے دو صد سے زائد ممالک کے لاکھوں لوگ آپ کی جماعت میں شامل ہیں اور آپ کی بیعت سے فیض حاصل کرچکے ہیں۔ اورگناہوں سے توبہ کرچکے ہیں اور ان میں سے کثرت ایسے لوگوں کی ہے جو بیعت کے بعد ایسی پاک تبدیلی پیدا کرچکے ہیں کہ اسلام کی اشاعت کے لئے ہر طرح کی قربانیاں دے رہے ہیں۔ پس یہ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی صداقت کا اور آپ کے حوالہ سے حضرت اقدس محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی صداقت کا عظیم الشان نشان ہے کیونکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہی مسیح موعود کی آمد کی پیشگوئی فرمائی تھی۔
(8) تیرے لبوں پر رحمت جاری ہوئی
براہین احمدیہ میں ایک الہام ہے یَا اَحْمَدُ فَاضَتِ الرَّحْمَۃُ عَلٰی شَفَتَیْکَ۔ یعنی اے احمد تیری لبوں پررحمت جاری ہوئی ہے ہم نے تجھ کو معارفِ کثیرہ عطا فرمائے ہیں۔ یہ الہام 1883ء کا ہے۔ اس کے پورا ہونے کی ایک صورت اس طرح ظاہر ہوئی کہ ایک ہندو صاحب سوامی شوگن چندر نے جلسہ دھرم مہوتسو یعنی جلسہ اعظم مذاہب کے انعقاد کا فیصلہ کیا اور انہوںنے دیگر مذاہب کے بڑے بڑے معروف لیڈران کے ساتھ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو بھی اس جلسہ میں تقریر کرنے کی دعوت دی۔ حضور علیہ السلام فرماتے ہیں مَیں نے اس کیلئے دُعا کی کہ اللہ مجھے ایسا مضمون القاء کرے جو اس مجمع کی تمام تقریروں پر غالب رہے اور ایک قُوّت میرے اندر پھونک دی گئی۔ جب مَیں یہ مضمون لکھ چکا تو الہام ہوا ’’ مضمون بالا رہا‘‘ اور جب وہ مضمون مجمع میں پڑھا گیا تو اس کے پڑھنے کے وقت سامعین کیلئے ایک عالم وجد تھا اور ہر ایک طرف سے تحسین کی آواز تھی کہ یہ مضمون تمام مضامین پر بالا رہا اور اس وقت کے بیس کے قریب اخبارات تھے جنہوں نے شہادت دی کہ مضمون بالا رہا۔ اس جلسہ میں ہندو مذہب آریہ سماج، برہمو سماج، سکھ مذہب ، عیسائی مذہب اور بعض مسلمان علماء کی بھی تقاریر تھیں۔ اس جلسہ کی رپورٹ اور تمام تقاریر شائع شدہ موجود ہیں۔ انصاف پسند اور تحقیق کا جذبہ رکھنے والے اسے پڑھ کر خود ہی فیصلہ کرسکتے ہیں۔ یہ مضمون ’’ اسلامی اصول کی فلاسفی‘‘ کے نام سے شائع شدہ موجود ہے اور دیگر کئی زبانوں میں اس کے تراجم بھی ہوچکے ہیں؎
آؤ لوگو! کہ یہیں نور خدا پاؤگے لو تمہیں طور تسلّی کا بتایا ہم نے
(9) فَاضَتِ الرَّحْمَۃُ عَلٰی شَفَتَیْکَ: اسی طرح الہام فاضتِ الرحمۃُ علٰی شَفْتَیْک اس طرح بھی پورا ہوا کہ 11؍ اپریل 1900ء کو عیدالضحیٰ کے دن صبح کے وقت حضور کو الہام ہوا ’’ کَلَامٌ اُفْصِحَتْ مِنْ لَّدُنْ رَبٍّ کَرِیْمٍ‘‘ اس سال عید کے موقع پر حضور نے بحکم خدا خطبہ عید عربی زبان میں پڑھا۔ فرماتے ہیں:
’’ خدا تعالیٰ جانتا ہے کہ غیب سے مجھے ایک قو ّت دی گئی اوروہ فصیح تقریر عربی میں فی البدیہہ میرے منہ سے نکل رہی تھی کہ میری طاقت سے بالکل باہر تھی۔ ‘‘
ا س تقریر کا نام ’’ خطبہ ٔ الہامیہ ہے جو شائع شدہ موجود ہے جو دو صد افراد کے سامنے مسجد اقصیٰ میں سنائی گئی۔ فرماتے ہیں:
سبحان اللہ اس وقت ایک غیبی چشمہ نکل رہا تھا مجھے معلوم نہیں کہ میں بول رہا تھا یا میری زبان سے کوئی فرشتہ کلام کررہا تھا کیونکہ میں جانتا تھا کہ اس کلام میں میرا دخل نہ تھا۔ (حقیقۃ الوحی صفحہ 376)
یہ تقریر بعنوان ’’ خطبہ الہامیہ‘‘ شائع شدہ موجود ہے جو حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی صداقت کی ایک علمی دلیل ہے۔ فالحمد اللہ علیٰ ذالک
(10) براہین احمدیہ صداقت احمدیت کا عظیم الشان نشان
حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں:
’’ خدا تعالیٰ کا یہ بھی ایک نشان تھا کہ اس نے 1882ء کے بعد باقی حصہ براہین احمدیہ کا 23 برس کی مدّت تک چھپنے سے روک دیا تا اس کا یہ کلام پورا ہو کہ مَیں براہین احمدیہ کو بطور نشان کے بناؤں گا کیونکہ اس میں بہت سی ایسی پیشگوئیاں تھیں جو ابھی ان کا پورا ہونا معرض التواء میں تھا او راس میں میری نسبت ایسے وعدے تھے جو ابھی ظہور میں نہیں آئے تھے اور ضرور تھا کہ ان تمام نشانوں اوروعدوں کا اس کتاب میں پورا ہونا دکھلایا جاتا تا کتاب براہین احمدیہ اسم بامسمّیٰ ہو جاتی اگر اُن پیشگوئیوں کے پورا ہونے سے پہلے براہین احمدیہ ختم ہوجاتی تو وہ ایک ناقص کتاب ہوتی اس لئے خدا نے جس کے تمام کام حکمت اور مصلحت پر مبنی ہیں یہ چاہا کہ اس وقت تک براہین احمدیہ کے باقی حصہ کاچھپنا اور شائع ہونا روک دیا جائے جب تک کہ وہ پیشگوئیاں پوری ہوجائیں جو براہین احمدیہ میں لکھی گئی ہیں کیونکہ وہ کتاب جیسا کہ اس کا نام براہین احمدیہ ہے اس لئے تالیف کی گئی ہے کہ تا جو اسلام کی براہین ہیں وہ ظاہر کرے اور براہین میں سب سے بڑھ کر آسمانی نشان ہیں جن میں انسانی طاقت کا کچھ بھی دخل نہیں۔ (حقیقۃ الوحی صفحہ 356-357 نشان نمبر 155)
****