سرور کائنات حضرت محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم نے آنے والے امام مہدی کی خوشخبری عطا فرماتے ہوئے اسکی بیعت کرنے کا تاکیدی ارشاد فرمایا تھا۔ آپؐ نے فرمایا تھاـ:
فَاِذَا رَأَیْتُمُوْہُ فَبَایِعُوْہُ وَلَوْحَبْوًا عَلَی الثَّلْجِ فَاِنَّہٗ خَلِیْفَۃُ اللّٰہِ الْمَھْدِیُّ۔
(ابوداؤد باب خروج المھدی)
کہ جب بھی تمہیں اس کا علم ہوجائے تو فوراً اسکی بیعت کرلینا خواہ تمہیں برف پر سے گھٹنوں کے بل جانا پڑے کیونکہ وہ خدا کا خلیفہ مہدی ہوگا۔
حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام نے جب 1882ء میں براہین احمدیہ تصنیف فرمائی تو کئی بزرگوں نے آپ کو پہچان لیا کہ آپ وہی امام مہدی ہیں جن کی خوشخبری آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے دی تھی اور انہوں نے درخواست کی کہ آپ ہماری بیعت لیں۔ لیکن حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام نے فرمایا کہ مجھے ابھی بیعت لینے کا ارشاد نہیں ہوا ہے۔ بالآخر 1888ء میں آپ کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے بیعت لینے کا حکم ہوا اور آپ کو الہام ہوا:
اِذَا عزمتَ فتوکلْ علی اللہ وَاصنع الفُلکَ بِاَعْیُنِنَاوَوَحْیِنَا۔ الذین یبایِعو نک انما یبایعون اللّٰہ یَدُللّٰہ ِفوق اَیْدِیْھِمْ۔ (اشتہار یکم دسمبر 1888ء صفحہ 2)
یعنی جب تُو عزم کرلے تو اللہ تعالیٰ پر بھروسہ کر اور ہمارے سامنے اورہماری وحی کے تحت کشتی تیار کر جو لوگ تیرے ہاتھ پر بیعت کریں گے اللہ تعالیٰ کا ہاتھ اُن کے ہاتھ پر ہوگا۔‘‘
چنانچہ 04 ؍ مارچ 1889ء کو حضور علیہ السلام نے ایک اشتہارشائع فرمایا اور بیعت کی اغراض و مقاصد اور بیعت کرنے والوں کے لئے عظیم الشان پیشگوئیوں اور خوشخبریوں کا ذکر فرمایا اور اس کے لئے دس شرائط بیعت مقرر فرمائیں اور پھر 23؍ مارچ 1889ء کو پہلی بار سلسلہ بیعت کا آغاز فرمایا۔ یہ بیعت لُدھیانہ میں حضرت صوفی جان صاحب کے مکان میں لی گئی اور پہلی بیعت کرنے والے حضرت مولانا نورالدین صاحب رضی اللہ عنہ تھے جن کو بعد میں اللہ تعالیٰ نے آپؑ کے پہلے خلیفہ کے منصب پر فائز فرمایا۔ آپ نے بیعت کے لئے ایک رجسٹر تیار کیا اور اس کا نام رکھا ’’بیعت توبہ برائے تقویٰ و طہارت‘‘
حضرت امیرالمومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ جب 2003ء میں منصب خلافت پر متمکن ہوئے تو آپ نے پہلے سال ہی جلسہ سالانہ برطانیہ کے اپنے اختتامی خطاب میں دس شرائط بیعت میں سے پہلی تین شرائط پر تفصیل سے سمجھاتے ہوئے روشنی ڈالی اور خطاب کے آخر پر فرمایا:
’’ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اس پر قائم رہنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ اللہ تعالیٰ ہمیں حقیقی معنوں میں سچا اور پکااحمدی مسلمان بنائے۔ ہمیں اپنے عہد بیعت پر قائم رہنے اوراس پر عمل کرنے والا بنائے۔‘ـ‘
اور پھر اُسی سال جلسہ سالانہ جرمنی کے موقعہ پر 24 ؍ اگست 2003ء کو اختتامی خطاب میں چوتھی پانچویں اور چھٹی شرط بیعت پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ پھر 29؍ اگست شیورٹ حالے فرینکفرٹ (جرمنی) میں اپنے خطبہ جمعہ میں ساتویں اور آٹھویں شرط بیعت پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور نویں شرط بیعت پر خطبہ جمعہ 12؍ ستمبر 2003ء میں لنڈن میں اور دسویں شرط بیعت پر تفصیل کے ساتھ اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ 19؍ ستمبر 2003ء میں روشنی ڈالی۔ گویا حضور اقدس نے اپنی خلافت کے پہلے سال ہی احباب جماعت عالمگیر کو حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی بیان فرمودہ دس شرائط بیعت کے حوالہ سے کھول کھول کر سمجھادیا اور فرمایا:
’’ اللہ تعالیٰ ہم سب کو حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام سے کئے ہوئے تمام عہدوں کو پورا کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور آپ کی تمام شرائط بیعت پر ہم مضبوطی سے قائم رہیں آپ کی تعلیم پر عمل کرتے ہوئے ہم اپنی زندگی کو بھی جنت نظیر بنادیں اور اگلے جہان کی جنتوں کے بھی وارث ٹھہریں۔ اللہ تعالیٰ ہماری مدد فرمائے۔ آمین۔
(خطبہ جمعہ ارشاد فرمودہ 19؍ ستمبر 2003ء بمقام مسجد فضل لنڈن)
اب پھر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ لگاتار اپنے خطابات میں انہی شرائط بیعت کی طرف توجہ دلارہے ہیں۔ چنانچہ جلسہ سالانہ قادیان 2025ء کے موقعہ پر 28؍ دسمبر کو حضور انور نے ارشاد فرمایا کہ شرائط بیعت کو فریم کرواکر اپنے گھروں میں ایسی جگہ پر لگائیں جہاں نظر پڑتی رہے۔ اس کے بعد جلسہ سالانہ برطانیہ 2026ء کے خطاب میں حضور اقدس نے تفصیل سے شرائط بیعت کو اپنی عملی زندگیوں میں ڈھالنے کے متعلق ارشاد فرمایا اور پھر اس نصیحت کو جاری رکھتے ہوئے جرمنی کے جلسہ سالانہ میں اور اب برطانیہ میں منعقد ہونے والے ذیلی تنظیموں کے اجتماعات میں بھی نہایت درد بھرے دل کے ساتھ شرائط بیعت پر عمل کرنے اور اپنی زندگیوں میں ڈھالنے کی نصیحت فرمائی ہے۔
حضور اقدس کا مسلسل شرائط بیعت کا ذکر کرنا اور بار بار احباب جماعت کو توجہ دلانا ہمیں یہ سمجھاتا ہے کہ ہم حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی شرائط بیعت کو غور سے پڑھیں اور حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ نے جس طرح قرآن و حدیث کی روشنی میں کھول کھول کر اورتفصیل کے ساتھ ہمیں سمجھایا ہے اس کو بار بار پڑھیں اور اس روحانی غذا کو جزو بدن بنائیں۔
آج دُنیا خدا کو بھول کر اور اس کا انکار کرکے بدامنی اور بے حیائی کی طرف بڑھتی چلی جارہی ہے۔ ایسے میں احمدیوں کے لئے ضروری ہے کہ وہ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی اس تعلیم پر دل و جان سے عمل کریں جو کہ اللہ کے اذن اور حکم سے حضور اقدس نے اس زمانہ میں پیش فرمائی ہے اور پھر اہل دنیا کو بھی پیار و محبت اور دلی ہمدردی کے ساتھ اس سے روشناس کرائیں۔ اور روشناس کرانے کے لئے ضروری ہے کہ پہلے ہم خود بے خوف ہوکر اسلامی تعلیم پر عمل کریں تب ہی ہمارے نیک نمونہ سے دوسروں کو بھی اس پر عمل کرنے کی توفیق مل سکتی ہے۔ حضور انور نے جلسہ سالانہ جرمنی کے موقعہ پر اپنے خطاب فرمودہ 06؍ ستمبر 2026ء میں فرمایا:
’’ اگر ہم اپنا جائزہ لیں تو پتہ لگتا ہے کہ اس معاشرے میں جب ہم معاشرے سے خوفزدہ ہوکر اسلامی تعلیم پر عمل کرنے سے شرمانا شروع ہوجاتے ہیں تو پھر اس شرماہٹ کا جو آخری نتیجہ نکلتا ہے وہ یہی ہوتا ہے کہ ہم اللہ تعالیٰ سے دور ہوتے چلے جاتے ہیں۔ اسی طرح دنیوی کاموں کے حرج کے خوف سے ہم اپنے دینی فرائض جو عبادت کے فرائض ہیں ان کو بھول جاتے ہیں نمازوں کو ہم وقت پر ادا نہیں کرتے۔‘‘
حضور انور نے شرائط بیعت کے تمام نکات کو مدنظر رکھتے ہوئے دردمندانہ نصیحت فرمائی کہ:
فرمایا: تب ہی ایک حسین معاشرہ قائم ہوگا جو جماعت احمدیہ قائم کرنا چاہتی ہے اور وہ معاشرہ قائم ہوگا جس کیلئے حضرت مسیح موعود علیہ السلام تشریف لائے تھے اوروہ معاشرہ قائم ہوگا جس کیلئے آپ نے ہم سے بیعت لی تھی۔ اگر یہ نہیں تو پھر ہمارے دعوے غلط ہیں کہ ہم نے دنیا میں ایک انقلاب پیدا کرنا ہے۔ انقلاب تو اسی صورت میں پیدا ہوسکتا ہے کہ جب ہم اپنی حالتوں کو دُرست کریں گے۔ اپنے آپ کو اعتقادی لحاظ سے بھی روحانی لحاظ سے بھی اورعملی لحاظ سے بھی بہتر کرنے کی کوشش کریں گے اور وہ پاک معاشرہ قائم کریں گے جو دنیا میں فسادوں کو ختم کرنے والا معاشرہ ہو جو دنیا میں محبت اورپیار پیدا کرنے والا معاشرہ ہو جو دنیا میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی حکومت کو قائم کرنے والا معاشرہ ہو جو دنیا میں اللہ تعالیٰ کی واحدانیت کو قائم کرنے والا معاشرہ ہو۔ اللہ کرے کہ ہم اس پر عمل کرنے والے ہوں آمین۔
(خلاصہ اختتامی خطاب جلسہ سالانہ جرمنی 06؍ ستمبر 2026ء ۔ بدر(17؍ ستمبر 2026ء)